راولپنڈی (آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جنگ کی نوعیت اور کردار وقت کے ساتھ بدل رہا ہے، فائر پاور اور سائبر میدان میں ہمیں اپنی صلاحیت اور قابلیت کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے نئے قائم شدہ آرمی سائبر کمانڈ کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے سائبر ڈویژن اور آرمی سینٹر آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کا بھی دورہ کیا جو آرمی سائبر کمانڈ کے دو اہم حصے ہیں۔ آرمی چیف کا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہناتھا کہ جنگ کی نوعیت اور کردار وقت کے ساتھ بدل رہا ہے۔ فائر پاور اور سائبر مستقبل کی جنگ کی اہم بنیاد کے طور پر ابھرے ہیں اور ہمیں ان ڈومینز میں اپنی صلاحیت اور قابلیت کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ نئے قائم شدہ سائبر کمانڈ کو بتدریج تینوں مسلح افواج کی سطح پر جوڑ دیا جائے گا اور قومی سطح پر سائبر اقدامات کا حصہ بھی بنے گا۔آرمی چیف کا انکی آمد پر کمانڈر آرمی سائبر کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے استقبال کیا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس اور دیگر اعلیٰ فوجی افسران بھی موجود تھے۔
Load/Hide Comments



