اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پاکستان میں مختلف منصوبوں کے ذریعے اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں اے ڈی بی کے کردار کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔جمعرات کے روز وزیر خزانہ سے ایشیائی ترقیاتی بنک کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اے ڈی بی کے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں مختلف منصوبوں کے ذریعے اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں اے ڈی بی کے کردار کا اعتراف کیا۔ وزیر خزانہ نے وفد کو موجودہ حکومت کی ترجیحات کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جس میں پاکستان میں پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کے لیے موثر ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر توجہ دی گئی۔اے ڈی بی کے وفد نے وفاقی وزیر کو اے ڈی بی کی جانب سے پاکستان میں بالخصوص توانائی اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں شروع کیے جانے والے مختلف منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی برائے پاکستان 2021 تا 25 حکومت پاکستان کے وڑن سے مکمل ہم آہنگ ہے۔وزیر خزانہ نے آخر میں اے ڈی بی کے وفد کے مسلسل تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور جاری پروگراموں پر تیزی سے عملدرآمد کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
Load/Hide Comments



