مسلم لیگ (ن)کی قیادت نے خواتین کو آگے بڑھنے کے یکساں موقع فراہم کیے ہیں،گورنر پنجاب

لاہور (آن لائن)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہاؤس لاہور میں رفعت ملک کی قیادت میں فیڈریشن ویمن چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ وفد کی سربراہ رفعت ملک نے گورنر پنجاب کو ویمن چیمبرز کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے ویمن چیمبرز کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنائے بغیر ترقی کے اہداف کا حصول نا ممکن ہے یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی قیادت نے خواتین کو آگے بڑھنے کے یکساں موقع فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ خواتین کی حوصلہ افزائی کی ہے اس کی سب سے بڑی مثال پہلی ویمن یونیورسٹی فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کا قیام ہے جس کا افتتاح محمد نواز شریف نے اس وقت بطور وزیراعظم کیا تھا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری خواتین صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی بھی طرح کسی سے کم نہیں اور زندگی کے ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ اس وفد میں لاہور، سرگودھا، بہاولپور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان اور لیہ سے تمام ویمن چیمبرز کی نمائندگی ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ویمن چیمبرز کی کوششیں لائق تحسین ہیں جس کے نتیجے میں لاکھوں خواتین کو روزگار کی سہولیات میسر آرہی ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ خواتین ووکیشنل ٹریننگ حاصل کر کے بہت سے ہنر میں مہارت حاصل کرکے عملی زندگی میں اچھی آمدن حاصل کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہباہمت خواتین دوسری خواتین کے لیے ایک مثال ہیں۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ معیشت کی مضبوطی کا انحصار معیشت کی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بطور چانسلر میری ترجیح ہے کہ ماحولیات سمیت مختلف مسال کے حل کے لیے جامعات میں کنسورشیمز بنائے جائیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جائے جس سے ملک کی معیشت مضبوط ہو گی۔دریں اثنا، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے یوم استحصال کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے قربانیوں اور طویل جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کے باوجود ان کا جذبہ حریت ختم کرنے میں ناکام رہی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو مسلہ کشمیر پر خاموشی ختم کر کے اس کے حل کے لیے کردار ادا کرناہوگا .