عمران خان کا انصاف یوتھ ونگ کی مرکزی حیثیت برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد (آن لائن) چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا انصاف یوتھ ونگ کی مرکزی حیثیت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انصاف یوتھ ونگ کی مرکزی کابینہ کا اجلاس پاکستان تحریک انصاف کے سنٹرل سیکریٹریٹ پر منعقد ہوا جسکی صدارت مرکزی صدر انصاف یوتھ ونگ مینا خان آفریدی اور جنرل سیکرٹری گلریز اقبال نے کی، مینا خان آفریدی نے پی ٹی آئی کے سی ای سی اجلاس میں چئیرمین عمران خان کی جانب سے یوتھ ونگ کی مرکزی حیثیت برقرار رکھنے پر تمام یوتھ ونگ کے مرکزی عہدیداران کو مبارکباد دی اور اجلاس میں یوتھ ونگ کو تمام صوبوں، تمام اضلاع، تحصیلوں اور یونین کونسل کی سطح تک فو راًفعال اور مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا۔ جنرل سیکرٹری گلریز اقبال نے کہا پاکستان بھر کے تمام علاقوں میں مقامی سطح پر انصاف یوتھ ونگ اور تحریک انصاف کی مقامی قیادت میں بہترین کوآرڈینیشن قائم کی جائے گی اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔پنجاب میں حالیہ ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کی تاریخی فتح پر یوتھ ونگ کے نوجوانوں کی کارکردگی کو بھی سراہا.