جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں مِل جاتی، ایک بھی پاکستانی چین سے نہیں بیٹھے گا،بلاول بھٹو

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں مِل جاتی، ایک بھی پاکستانی چین سے نہیں بیٹھے گا۔یومِ استحصالِ کشمیر کے موقعے پر جاری کردہ اپنے بیان میں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 370 اور 35 اے میں تبدیلی کرکے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کو پائمال اور خطے کے امن و استحکام کو تباہی کے دلدل کی جانب دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین سال گذر چکے ہیں، مقبوضہ وادی کی عوام تاحال آزادی اظہار اور پرامن اجتماع سمیت تمام دیگر بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ اقوام متحدہ اپنے چارٹر پر عملدرآمد کرا کر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق بحال کرائے۔ انہوں نے 9 لاکھ بھارتی فوج کی جانب سے جاری مقبوضہ وادی کے محاصرے کے بلاتاخیر خاتمے اور یاسین ملک اور میر واعظ عمر فاروق سمیت تمام قید و نظربند حریت پسندوں کی فوری رہائی بھی مطالبا کیا ہے۔ انہوں نے یاسین ملک کو جھوٹے مقدمے میں سزا دینے اور ان کے ساتھ بھارتی حکومت کی ایماء پر جیل میں روا غیرانسانی برتاوَ کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی تحریکِ حقِ خود ارادیت کو دبانا مودی حکومت کے بس کی بات نہیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کی اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی ہر ممکن اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے شہید برہان وانی سمیت تحریک آزادی کے دوران اپنی جانوں کی قربانیاں دینے والے تمام کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔