توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کیخلاف نا اہلی کیلئے ریفرنس دائر

اسلام آباد(آن لائن) پی ڈی ایم نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف ظاہر نہ کرنے پر تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا۔پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا نے پی ڈی ایم کی جانب سے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کردیا ہے یہ ریفرنس آئین کے آرٹیکل 63کے تحت دائر کیا گیا ہے دائر کئے جانے والے ریفرنس کے مطابق سابق وزیر اعظم نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا ہے لہذا عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا جائے۔الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن شاہنواز رانجھا نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فیصلہ دیا تھا کہ تمام تفصیلات کو پبلک کیا جاناچاہیے،4 جولائی 2022 کو اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے ریفرنس جمع کروایا کہ یہ تفصیلات دی جائیں۔ عمران خان نے جو 2018 میں حلف نامہ دیا ہے اس میں یہ کہ رہے ہیں کہ یہ میرے اپنے ہیں، 10 کروڑ سے زائد رقم کی گھڑیاں انہوں نے لی ہیں جو کہتے ہیں میں وزیراعظم ہاؤس سے صرف ایک ڈائیری لیکر نکلا ہوں، 10 کروڑ کی گھڑیاں لیں اور ان نے دو کروڑ کے قریب رقم قومی خزانے میں جمع کروانی تھیں،یہ تحفہ لیتے تھے اور دوست کو دے دیتے تھے، 20 فیصد رقم جو انہوں نے جمع کروائی ہے وہ انہوں نے تحفہ بیچنے کے بعد کروائی ہیں، عمران خان نہ صادق ہیں اور نہ آمین ہیں پاکستان کا آئین اور پاکستان کا دستور کسی چور کو چھپنے نہیں دے گا، عمران خان ٹیکس چوری کر کے قوم کو کہتے ہیں ٹیکس دیں ابھی پارٹ ون آیا ہے پارٹ ٹو،تھری آنا ہے،عمران خان نے پاکستان کے دستور کی خلاف ورزی کی ہے۔