جتنی جلدی ہو حکومت عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کرے،حنیف عباسی

راولپنڈی (آن لائن)سابق وفاقی وزیر و مسلم لیگ ن کے رہنماء حنیف عباسی نے کہا ہے کہ جتنی جلدی ہو حکومت عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کرے،میں اس فارن فنڈڈ پارٹی کے خلاف عدالت جاؤنگا،توقع ہے کہ سپریم کورٹ میں سرخ روح ہونگا۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ آج ملکی سیاسی تاریخ کا اہم دن ہے۔ایک شخص نا اہل ہونے جا رہا ہے۔اس کی وجہ میرا کیس ہے۔میں نے 2017 کیس سپریم کورٹ میں 62 ون ایف کے تحت کیس درج کیا تھا کہ عمران خان کا حلفیہ بیان جھوٹا ہے۔میری درخواست نمٹاتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ متعلقہ ادارے کے پاس جائیں،پہلے الیکشن کمیشن سے فیصلہ لیں۔پھر حکومت ریفرنس بنائے اور پھر سپریم کورٹ میں آئیں۔الیکشن کمیشن نے میری درخواست پر مہر ثبت کی ہے۔انہوں نے کہا یہ سکروٹنی کمیٹی جس نے مواد اکھٹا کیا پی ٹی آئی کی حکومت میں بنی تھی۔عمران خان وزیراعظم تھا تو ایف بی آر اور دیگر اداروں نے سکروٹنی کمیٹی کو مواد دیا تھا۔جب 15 کلو ہیروئن رکھ دی جاتی تھی، اس وقت بھی انمٹ ثبوت عمران خان کے خلاف ملے۔ انہوں نے کہا حکومت جو کرتی ہے وہ اس کا اپنا فیصلہ ہوگا، میرا فیصلہ اپنا ہوگا۔حکومت ریفرنس دائر نہیں کرتی تو اس حکومت کے ساتھ ایسا کریں گے۔ایسی حکومت کا کیسے انتظار کر سکتا ہوں جو عمران کے بلنڈر پر کاروائی نہ کرے۔اعظم نذیر تاررڑ سے مشورہ کے ساتھ قدم اٹھائیں گے۔اسی ملکی نظام میں رہ کر عدالتوں سے سزا بھی لی اور ریلیف بھی ملا۔توقع ہے کہ سپریم کورٹ میں سرخ روح ہونگا۔حنیف عباسی نے کہا شیخ رشید اخلاقی اور سیاسی طور پر گندہ ترین شخص ہے۔عارف نقوی جیسے لوگ ریاست مدینہ کے لوگ ہوں گے۔اس وقت لندن اور امریکہ میں بھی عمران خان کے خلاف سوچا جارہا ہے۔ہوسکتا ہے لندن اور امریکہ کی حکومتیں عمران خان کو طلب کرلیں۔ ہماری حکومت عمران خان کو حوالے کرنے میں ایک لمحہ انتظار نہیں کر یگی۔حنیف عباسی نے کہا عمران خان کے آفس بوائز کے نام پر اکاونٹس کھلے تھے، 16 بے نامی اکاونٹس کھلے تھے۔350 کمپنیوں نے فنڈنگ کی ہے۔عمران خان کو صرف پیسوں سے محبت ہے۔الیکشن کمیشن سے تفصیلی فیصلہ آجائے گا۔وکلاء سے مشاورت کررہے ہیں اور اسی فیصلے کو سپریم کورٹ لے کر جائیں گے۔