الیکشن کمیشن نے تاریخی فیصلہ دیا ہے،پاکستان پیپلز پارٹی

کراچی(آن لائن)اراکین شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، سیدہ شہلا رضا، نواب تیمور تالپور اور قاسم نوید نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے تاریخی فیصلہ دیا ہے، ثابت ہوگیا کہ عمران خان انٹرنیشنل چور ہے، جس نے نہ صرف قوم کو دھوکا دیا ہے، اس بہروپئے شخص نے پوری دنیا میں مقیم پاکستانیوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ پاکستان کا سابق وزیر اعظم سب سے بڑا منی لانڈرر نکلا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ادارے ایف آئی اے سمیت نیب، ایف بی آر، اسٹیٹ بینک کو فوری طور متحرک کیا جائے۔ عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے نام پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کئے جائیں تاکہ یہ لوگ ملک سے فرار نہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے اور اگر قانون اجازت دے تو عمران خان کو گرفتار کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب اور صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ شخص پاکستان کے لئے بدنامی کا باعث بنا ہے، اب ہمارے ملک کو چیرٹی کون دیگا، اس شخص کی حرکتوں کی وجہ سے پوری دنیا کو غلط مسیج گیا ہے۔ فیصلہ سے ثابت ہوگیا کہ عمران خان سے بڑا چور، منافق بہروپیہ پاکستان کی تاریخ میں پیدا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ عمران خان کے ذاتی مفادات تھے، شوکت خانم اور پی ٹی آئی کے نام سے فنڈز لئے اور اس میں دو نمبری کی۔ اس کے چہرے سے شرافت کا ماسک اتر چکا ہے۔ یہ شخص پاکستان کی سیاست میں ناسور بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آخر پاکستان کی سیاست میں اسرائیل اور انڈیا کے لوگ کیوں فنڈنگ کر رہے ہیں، عمران خان ان کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ یہ فرح گوگی، اور عارف نقوی جیسے ڈکلئرڈ لوگوں کا دفاع کرتے رہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آج کے فیصلے کی رو سے عمران خان پر پابندی لگنی چاہیے کیونکہ یہ شخص صادق و امین نہیں رہا۔ یہ شخص جو صادق و امین کے سرٹیفکیٹ لے کر چلتا تھا۔ ہم نے اس وقت بھی کہا تھا یہ صادق و امین نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہسٹری شیٹر اور کارپوریٹ کرمنل شخص ہے۔ ان کو اور ان کے ساتھیوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے اور اس کیس کو مثال بنایا جائے۔ قانون سب کے لیے ایک ہونا چاہیے، کوئی لاڈلہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سابق وزیر اعظم سب سے بڑا منی لانڈرر نکلا۔ پوری دنیا کے ممالک میں کمپنیاں بنا کر پیسے جمع کروائے اور وہ پیسے اپنی ذات کے لیے استعمال کرتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پونے چار سالہ دور میں جو بھی اقدامات ہوئے ان کی تحقیقات ہونی چاہیے۔