وفاقی وزیر خزانہ سے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پاکستان کی معاشی ترقی میں کاروباری برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اس کمیونٹی کی سہولت اور مدد کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوے کیا وفد مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری کی سربراہی میں فنانس ڈویڑن میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں شرجیل میر، ضیا احمد راجہ، اور طاہر تاج بھٹی شامل تھے۔ اس موقع پر محمد کاشف چوہدری نے وزیر خزانہ کو تاجر برادری کو درپیش مسائل خصوصاً بجلی کے بل پر ٹیکس لگانے سے متعلق آگاہ کیا۔ وفد نے وزیر خزانہ سے ان کے مسائل حل کرنے کی درخواست کرتے ہوے کہا تاجر کمیونٹی ملک کی معاشی ترقی میں نمایاں طور پر مثبت کردار ادا کرتی ہے۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پاکستان کی معاشی ترقی میں کاروباری برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ موجودہ حکومت اس کمیونٹی کی سہولت اور مدد کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھائے گی۔ وزیر خزانہ نے بجلی کے بل پر ٹیکس لگانے کے حوالے سے ان کے خدشات کو دور کیا اور ان کے مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وفد نے تعاون اور ان کے خدشات کو مثبت انداز میں دور کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔