لاہور (آن لائن) محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں مزید بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے ہفتے میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تاہم آئندہ ہفتے کہیں زیادہ اور کہیں کم بارش ہوگی گزشتہ روز شہر میں بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ جس کے نتیجے میں شہر کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد رہا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں حالیہ بارشوں کے باعث ڈینگی وائرس کا خطرہ بھی مزید بڑھ گیا ہے۔ لاہور کے شہریوں کو ڈینگی وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے اقدامات نہ اٹھائے جانے کے باعث گزشتہ روز شہر کے سرکاری اورنجی ہسپتالوں میں ڈینگی کا ایک مریض رپورٹ کیا گیا۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پنجاب حکومت نے فوری اقدامات نہ اٹھائے تو ڈینگی وائرس کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
Load/Hide Comments



