پرویز الٰہی کے وزیراعلیٰ بنتے ہی پنجاب کی بیورکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ

لاہور(آن لائن)نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے حلف اٹھاتے ہی پنجاب کی بیورکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ شروع کر دی اور متعدد افسران کے تقرر وتبادلے کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیر اعلیٰ پنجاب بیرسٹر نبیل احمد اعوان کو تبدیل کر کے پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب تعینات کر دیا گیا۔اس کے ساتھ ساتھ اسپیشل سیکرٹری عمر سعید چوہدری سے پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب کے عہدہ کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا ہے،سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کو تبدیل کر کے پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیر اعلیٰ پنجاب لگایا گیا ہے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہزاد شوکت بھی مستعفی ہو گئے ہیں،سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کو پنجاب سے ریلیو کردیا گیا۔ڈی جی اینٹی کرپشن رانا عبدالجبار کو بھی پنجاب سے ریلیو کردیا گیا،دونوں پولیس افسران کو آئی بی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈو یژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ڈی پی او جھنگ سردار غیاث گل کو بھی پنجاب سے ریلیو کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہزاد شوکت عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے استعفیٰ گورنرکوارسال کردیا۔