عدالتی فیصلے کے بعد عمران خان سے مونس الٰہی اور حسین الٰہی کی ملاقات

لاہور(آن لائن)سپریم کورٹ کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پر حق میں فیصلہ آنے کے بعد چودھری مونس الٰہی پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے۔ پاکستان تحریک انصاف کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا گیا کہ پی ٹی آئی چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی نے ملاقات کی۔بیان میں بتایا گیا کہ اس ملاقات کے دوران پاکستان مسلم لیگ ق سربراہ چودھری شجاعت حسین کے بھائی چودھری وجاہت حسین کے بیٹے رکن قومی اسمبلی چودھری حسین الٰہی بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آئندہ کی حکمت عملی بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق چودھری پرویز الہٰی نے عدالتی فیصلہ آتے ہی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خا ن کو ٹیلی فون کیا۔سابق وزیراعظم عمران خان نے چودھری پرویز الہٰی کو مبارکباد دی، چودھری پرویز الہٰی نے انہیں حلف لینے بارے بھی آگاہ کیا۔ ادھر مونس الہٰی نے کمرہ عدالت سے نکلتے ہی چودھری پرویز الہٰی کوٹیلی فون کیا اور انہیں سپریم کورٹ کے فیصلے پر مبارکباد پیش کی۔