شہر قائد سمیت ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری

کراچی (آن لائن) شہر قائد سمیت ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، متاثرین کو غذائی ضروریات اور طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے دستے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں، ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں آبادیوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں، پاک فوج کی ٹیموں نے طبی سہولیات سمیت ریلیف کیمپ قائم کررکھے ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی ڈی واٹرنگ ٹیمیں ضلع جامشورو، گھارو گرڈ اسٹیشن اور جنوبی کراچی سمیت شاہراہ فیصل اور نیپا چورنگی، لسبیلہ، تربت اور کوئٹہ میں امدادی کارروائیاں کر رہی ہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سندھ اور بلوچستان کے مختلف مقامات پر اسٹینڈ بائی اور رسپانس ٹیمیں تعینات ہیں۔پاک فوج کے دستوں اور موبائل میڈیکل ٹیموں نے جامشورو، گھارو، کیماڑی اور نیپا چورنگی کے علاقوں میں سینکڑوں مقامی افراد کو امدادی سامان اور مفت ادویات فراہم کیں، کوئٹہ، تربت اور لسبیلہ میں بھی 1500 سے زائد افراد کو طبی امداد فراہم کی۔