شہباز شریف،حمزہ شہباز،اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 7ستمبر تک ملتوی

لاہور (آن لائن)احتساب عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز اور دیگر اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی۔احتساب عدالت نمبر 9کے جج قمر الزمان نے منی لانڈرنگ کیس پر سماعت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز پیش نہ ہوئے اور ان کے وکلاء کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر دلائل طلب کر لئے۔منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہبازشریف، حمزہ شہباز سمیت مجموعی طورپر16ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، نیب ریفرنس میں شہباز شریف،سلمان شہباز،حمزہ شہباز، رابعہ شہباز،نصرت شہباز کو فریق بنایا گیا ہے۔شریف فیملی سمیت دیگر پر 7ارب 32کروڑ سے زائد کی منی لانڈرنگ اور غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کا الزام عائد ہے، شہباز شریف پر 5 ارب سے زائد منی لانڈرنگ اور غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام ہے، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز پر ایک ایک ارب تک کے اثاثے اور منی لانڈرنگ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔