بھارت کے ساتھ تجارت کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ، سید نوید قمر

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہاہے کہ بھارت کے تجارت کرنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے جبکہ افغانستان سے کوئلے کی درآمد میں درپیش مسائل حل کرلئے گئے ہیں۔منگل کے روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ موجودہ حکومت نے بھارت کے ساتھ تجارت کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اس حوالے سے جو بھی فیصلہ ہوگا وہ قوم کے سامنے آئے گا انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کو درپیش توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے افغانستان سے کوئلے کی درآمد شروع ہوگئی ہے انہوں نے کہاکہ افغانستان کا کوئلہ بھی عالمی معیار کے مطابق ہے اور اس پر دیگر ممالک سے درآمد کے مقابلے میں کم اخراجات آتے ہیں انہوں نے کہاکہ کوئلے کی ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے دونوں اطراف سے مسائل تھے تاہم ان مسائل کو حل کر لیا گیا ہے یہ کوئلہ نجی سیکٹر درآمد کر رہا ہے اور حکومت اس سلسلے میں مراعات فراہم کر رہی ہے انہوں نے کہاکہ ملک کے برآمدی سیکٹر کو مراعات کی فراہمی ضروری ہے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ کیا جاسکے انہوں نے کہاکہ جی ایس پی پلس کے سلسلے میں معائنہ ٹیم پاکستان آئی تھی اور یہ معاہدہ اگلے سال تک جاری رہے گا جس کے بعد نیاکنونشن ہو گا اس کیلئے بھی تیاری کی جارہی ہے ہم نے گذشتہ کنونشن کے اہداف کو پورا کیا ہے امید ہے کہ رپورٹ پاکستان کے حق میں ہوگی.