حکمران اتحاد اور پی ڈی ایم قائدین کا فل کورٹ کے مطالبے سے پیچھے نہ ہٹنے پر اتفاق

اسلام آباد (آن لائن) حکمران اتحاد اور پی ڈی ایم کے قائدین نے فل کورٹ کے مطالبے سے پیچھے نہ ہٹنے پر اتفاق کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رولنگ کیس میں ممکنہ فیصلہ کے پیش نظر پیر کی رات حکومتی اتحاد اور پی ڈی ایم کے بڑوں نے سر جوڑ لئے۔وزیراعظم ہاؤس میں حکمران اتحاد اور پی ڈی ایم کے قائدین کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف، پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، پی پی پی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری شریک ہوئے جبکہ ایم کیوایم، مسلم لیگ (ق)، اے این پی، باپ، بی این پی سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے قائدین بھی شریک تھے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازشریف اور پارٹی کے دیگر قائدین بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے فیصلے کی روشنی میں مستقبل کی حکمت عملی طے کی گئی۔ تمام قائدین نے ممکنہ صورتحال میں متفقہ حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس کو پیر کے روز سپریم کورٹ کی کارروائی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔