وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ پیکج میں تاخیر کا نوٹس لے لیا

کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی آرگنائزنگ سیکرٹری و وزیراعلی کے پولیٹیکل سیکرٹری ملک خدا بخش لانگو نے کہا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ پیکج میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے منصوبے میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے کوئٹہ شہر کی تعمیرنو کیلئے بلوچستان حکومت ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کوئٹہ پیکج کے تحت منصوبوں کی معیاری تکمیل کو یقینی بنا رہے ہیں اس سلسلے میں انہوں نے کوئٹہ پیکج میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وزارت اعلی کا منصب سنبھالتے ہی کوئٹہ پیکج کے تحت زیر التوامنصوبوں پر کام کا آغاز کیا، سبزل روڈ سریاب روڈ توسیعی منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے بہتر منصوبہ بندی کی تاکہ منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ ہم سب کا شہر ہے اس کی تعمیرنو کیلئے بلوچستان حکومت ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے منصوبوں میں تاخیر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں سنگ میل ثابت ہوگا حکومت منصوبے میں بلوچستان کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے بلوچستان کے شیئرز کو 10فیصد سے بڑھا کر 25فیصد تک لانے میں کامیاب ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی تمام سیاسی قیادت نے ریکوڈک معاہدہ بلوچستان کے مفادات کا دفاع کرنے پر میر عبدالقدوس بزنجو کی کوششوں کو سراہتے ہوئے معاہدہ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان حکومت صوبے کی تعمیر و ترقی کے اس سفر کو جاری رکھتے ہوئے ہر فورم پر بلوچستان کے مفادات اور حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔