اسلام آباد(آن لائن) پنجاب کی وزارت اعلی بچانے پر حکومتی اتحادیوں نے سابق صدر آصف زرداری اورمسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے اظہار تشکر کیا ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر آصف زرداری اور چوہدری شجاعت حسین کو ٹیلی فون کیا۔ نواز شریف نے سابق صدر اور چوہدری شجاعت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کا کہناتھا کہ انشاء اللہ اب مل کر ملک کو مہنگائی سمیت تمام مسائل سے نکالیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلی حمزہ شہباز نے بھی آصف زرداری سے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم اور وزیر اعلی نے آصف زرداری کی دور اندیشی کو سراہا اور ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر آصف زرداری کا کہناتھا کہ میں نے آپ سے کہا تھا کہ آخری وقت تک لڑینگے۔ مجھ سے زیادہ چوہدری شجاعت حسین داد مبارک باد کے مستحق ہیں ان کا احسان مند ہوں۔ اب آپ نے چوہدری شجاعت اور ان کی فیملی کا پورا خیال رکھنا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا جلد ہی ان کا شکریہ ادا کرنے چوہدری صاحب کے گھر جاؤں گا۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز نے آصف زرداری سے ملتے اور جاتے وقت ان کے گھٹنے چھوئے۔ آصف زرداری نے حمزہ کو تھپکی دی اور کہا کہ اب ہمارے لوگوں کا بھی خیال رکھنا۔ ذرائع کے مطابق سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے بھی وزیراعظم شہبازشریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے او ر حمزہ شہباز شریف کی کامیابی پر مبارکباد دی۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا حمزہ شہباز کی کامیابی اہلیان پنجاب کی کامیابی ہے۔سربراہ پی ڈی ایم نے چوہدری شجاعت حسین سے بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے چوہدری شجاعت حسین کو مبارکباد دی۔مولانا فضل الرحمان نے چوہدری شجاعت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ نے آج تاریخی فیصلہ کرکے پاکستان کو مضبوط کیا ہے، قومی حکومت اپکی مشکور ہے، ملکر پاکستان کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔ دریں اثناء مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر آصف علی زرادری سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر آصف علی زرادری کو پنجاب میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا حمزہ شہباز کی کامیابی قومی حکومت کی کامیابی ہے۔حمزہ شہباز کی کامیابی سے پنجاب اور پاکستان ترقی کرے گا۔
Load/Hide Comments



