موجودہ صورتحال میں ملک آگے نہیں جا سکتا، فرخ حبیب

لاہور(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کہ موجودہ صورتحال میں ملک ا?گے نہیں جا سکتا، خفیہ خط سے متعلق ہمیں کوئی اطلاع نہیں، پرویزالہٰی وضاحت دے چکے ہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، انتخابات2022میں ہی ہوں گے، ہمارا مطالبہ الیکشن کمیشن کی تشکیل نو ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت قبول نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے نمبر متاثر ہوئے تو صدر اعتماد کے ووٹ کا کہہ سکتے ہیں، آصف علی زرداری اپنے مشن میں ناکام ہو گئے، 5 گھنٹے بیٹھنے کے باوجود پرویزالہیٰ آصف زرداری سے نہیں ملے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آصف زرداری ٹیم کے ہمراہ لاہور میں خریدوفروخت کر رہے ہیں، اطلاعات کے مطابق کیش سے بھری2 گاڑیاں لاہور پہنچی ہیں، امید ہے ڈپٹی اسپیکر قانون کے مطابق اجلاس کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ حکومت نے4 ماہ میں جوکرنا تھا کر لیا، افسران کی تعیناتیاں اور سرکاری مشینری کا استعمال کیا گیا، سپریم کورٹ نے قانون کے مطابق کارروائی چلانے کا حکم دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کو اجلاس کرانے کا کہا تھا، ہنگامہ آرائی کی تو سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہو گی، پی ٹی آئی اور ق لیگ کی اکثریت ہے، لوٹوں کوعوام نے مسترد کر دیا۔