چیف الیکشن کمشنر ہرقسم کے تکلفات سے آزاد ہو کر نون لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیں، فواد چوہدری

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پی پی 7 میں ضمنی انتخاب کے نتائج کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے پر تحریک انصاف کا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ مایوس کن ضرور ہے مگر باعثِ تعجب نہیں، آئین و قانون اور قواعد و ضوابط کی گر فت سے نکل کر معاملات دیکھے جائیں تو اسی قسم کے فیصلے آتے ہیں، الیکشن کمیشن کے فیصلوں کی طویل فہرست موجود ہے جنہیں ہائیکورٹس نے کالعدم کیا ہے، اس معاملے پر بھی کمیشن نے ہائیکورٹ کی ہدایات سے مکمل صرفِ نظر کیا ہے، چیف الیکشن کمشنر کو مشورہ ہے کہ وہ ہرقسم کے تکلفات سے آزاد ہو کر نون لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیں-