نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن میں موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد/لندن(آن لائن)سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان پنجاب اسمبلی کا وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے اجلاس شروع ہونے سے پہلے ٹیلی فونک رابطہ ہوا دونوں رہنماؤں نے مہنگائی کو کم کرنے کیلئے مختلف تجاویز کا بھی تبادلہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیاگیا کہ پنجاب کانتیجہ جو بھی ہو اس سے قطعہ نظر وفاقی حکومت مہنگائی کو کم کرنے کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنائے گی اور اس سلسلے میں تیل اور بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی لانے سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔ نواز شریف نے سیاسی اور معاشی شعبوں میں بہتری کیلئے مولانا فضل الرحمان کی ترقی پسند تجاویز سے مکمل اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ آئین کو پامال کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا عمران نیازی کے پاکستان کو سری لنکا بنانے کے دھمکی آمیز بیانات کی بھی شدید مذمت کی گئی دونوں رہنماؤں نے کہا کہ بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے یہ عمران نیازی عالمی ایجنٹ ہے اور انہی کے ایجنڈے پر عمل پیراہے اتحادی حکومت کسی کوبھی ملک میں فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیاکہ سابقہ دور میں ہونے والی بے رحمانہ کرپشن اور معاشی تباہی جیسے حقائق سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا اور اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف پر زور دیاجائے گا کہ وہ مفاہمت پسندانہ نظریہ چھوڑ کر جارحانہ حکمت عملی اختیارکریں۔ یہ بھی طے ہوا کہ تحریک انصاف جس قسم کی سیاست کرے گی اسی طرح سیاس کا جواب دیا جائے گا کیونکہ جارحانہ حکمت عملیاب وقت کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں آصف زرداری اور چوہدری شجاعت کی ملاقاتوں کے نتائج پر بھی گفتگو کی گئی۔