طالبان حکومت کو ابھی تک تسلیم نہیں کیا ہے،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(آن لائن) پاکستا ن نے کہا ہے کہ افغانستان طالبان حکومت کو ابھی تک تسلیم نہیں کیا ہے،افغانستان میں سیکورٹی کی صورت حال بہتر ہوئی ہے،افغا ن حکومت کو تسلیم کیے بغیر بہت سارے ممالک افغانستان کے ساتھ رابطوں میں ہیں،مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو زبردستی اقلیت میں بدلنے کا بھارت کا مذموم منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہوگا، حریت رہنما یاسین ملک کو مزید دو فرضی مقدمات میں پھنسانے کے بھارت کے حالیہ اقدام کی شدید مذمت کر تے ہیں،وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری 28، 29 جولائی کو تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا شنگھائی تعاون تنظیم سیکرٹری جنرل ژانگ منگ 21 سے 24 جولائی تک پاکستان کے دورہ پر ہیں۔شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے ملاقات کی ہے۔سیکرٹری جنرل نے وزیر تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سمندری امور کے وزراء سے بھی ملاقاتیں کیں۔وزیر خارجہ بلاول 28، 29 جولائی کو تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو گزشتہ روز جرمن وزیر خارجہ کا ٹیلی فون آیا۔دونوں وزراء خارجہ نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون آگے بڑھانے کے لیے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے پاکستان کے جی ایس پی پلس تشخص کے لیے جرمنی کی حمایت کو سراہا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاوزیر خارجہ بلاول نے افغانستان کے لیے ایران کے نمائندہ خصوصی حسن کاظمی سے بھی ملاقات کی۔وزیر خارجہ بلاول نے نور خان ایئربیس پر افغانستان کے لوگوں کے لیے پاکستان کی جانب سے امداد روانہ کی۔چین کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان نے 18 جولائی کو سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے ملاقات کی۔فریقین نے افغانستان کی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی۔پاکستان اور چین کی افغانستان کو انسانی امداد اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔سیکرٹری خارجہ نے پرامن، مستحکم، خوشحال اور منسلک افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔انہوں نے کہا پاکستان نے 15 جولائی کو ترکیہ کے چھٹے یوم جمہوریہ پر پاکستان کی حکومت اور عوام نے ترکیہ سے مستقل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ایک سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے ہا5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ غاصبانہ اقدامات کو 3 سال ہونے والے ہیں۔پاکستان کی حکومت اور عوام نے 13 جولائی کو 91 واں یوم شہداء کشمیر بھرپور طریقے سے منایا۔پاکستان نے لازوال قربانیاں دینے والے 22 کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔مقبوضہ جموں کشمیر کی مسلم اکثریت کو زبردستی اقلیت میں بدلنے کا بھارت کا مذموم منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔پاکستان بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کو آگاہ کرتا رہے گا۔پاکستان حریت رہنما یاسین ملک کو مزید دو فرضی مقدمات میں پھنسانے کے بھارت کے حالیہ اقدام کی شدید مذمت کرتا ہے۔یاسین ملک کو قانونی اور جمہوری اصولوں کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے جاری مقدمے میں ذاتی طور پر پیش ہونے کے حق سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔ایک سوال پر ترجمان نے کہا وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اپنی ذاتی حیثیت میں واشنگٹن کے دورہ پر ہیں، دفتر خارجہ نے ان کے دورے اور ملاقاتوں کے لئے کوئی کردار ادا نہیں کیا ہے۔ان کے ذاتی حیثیت کے دورے پر تبصرہ نہیں کر سکتے ہیں۔افغانستان میں طالبان حکومت کو ابھی تک تسلیم نہیں کیا ہے۔افغانستان میں سیکورٹی کی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔افغانستان میں انسانی حقوق اور اقتصادی صورت کے حوالے سے مشکلات ہیں۔افغا ن حکومت کو تسلیم کیے بغیر بہت سارے ممالک افغانستان کے ساتھ رابطوں میں ہیں۔افغانستان کی موجودہ قیادت بھی تسلیم نہ کیے جانے کے باوجود د نیا کے ساتھ رابطوں کے لئے کام کر رہی ہے۔پاکستان میں افغان سفیر بھی بیرونی دنیا کے ساتھ رابطوں کے لئے کام کر رہے ہیں۔