ضمنی انتخابات میں کامیاب 19 نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے حلف اٹھا لیا

لاہور(آن لائن) ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے 19 نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں تحریک انصاف کے 15 ایک آزاد رکن اور 3 ن لیگی شامل ہیں۔ تفصیل کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 24منٹ کی تاخیر سے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی صدارت میں شروع ہوا۔سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے نو منتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی علی افضل ساہی، زین قریشی، حسن ملک،عرفان اللہ نیازی، میاں محمد اعظ، مہر محمد نواز بھروانہ، خرم شہزاد ورک،میاں اکرم عثمان، شبیر احمد گجر،ملک ظہیر عباس کھوکھر، محمد غلام سرور، عامر اقبال شاہ، محمد معظم،قیصر عباس خان اور سردار سیف الدین کھوسہ شامل تھے۔ جبکہ آزاد رکن اسمبلی پیر رفیع الدین نے بھی حلف اٹھا لیا۔حلف کے موقع پر مہمان گیلری میں شاہ محمود قریشی اور زین قریشی کی اہلیہ بھی موجود تھے۔ شروع میں مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی شام تک حلف اٹھانے نہیں آئے۔البتہ کچھ دیر بعد ہی پارٹی چیف ویپ طاہر خلیل سندھو کے ساتھ لیگی نو منتخب اراکین بھی ایوان میں پہنچ گئے، لیگی اراکین کو ایوان میں خوش امدید کہا گیا، ملک اسد کھوکھر، سبطین رضا اور فدا حسین نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھایا۔نو منتخب اراکین نے اظہار خیال کرتے ہوئے اپنے حلقے کی عوام کا شکریہ ادا کیا، ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس ملتوی کر دیا گیا، جبکہ وزیراعلی کے انتخاب کے لئے پنجاب اسمبلی جمہ کے روذ چار بجے ہو گا جس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔