کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان کے تمام متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام کو ہنگامی بنیادوں پر کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد بحالی اور متاثرین کی داد رسی کے لئے موثر اقدامات کے لئے بلوچستان حکومت کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں اور حکومت متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور اس سلسلے میں این ڈی ایم اور پی ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ حکام اپنا اپنا کام خوش اسلوبی سے کر رہے ہیں اور دن رات امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے کام میں مصرف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں مزید متوقع بارشوں سے نقصانات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کئے جائیں تاکہ مزید جانی و مالی نقصانات سے بچا جاسکے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان میں مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 17 اضلاع میں وبائی مرض پھیل گئے ہیں۔ ڈائریا اور ہیضہ سے کئی افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔بلوچستان میں مون سون بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں پیٹ اور آنتوں کی بیماریاں بھی پھیل گئی ہیں۔ صوبے کے کئی اضلاع میں دست اور اسہال کی بیماری ڈائریا کی خطرناک شکل کالرا ہیضہ پہلے سے پھیلی ہوئی تھی تاہم بارشوں اور سیلاب کے بعد ان بیماریوں کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔متاثرہ علاقوں میں کوئٹہ، کیچ، ہرنائی، چمن، لورالائی، ڑوب، خضدار، مستونگ اور گوادر شامل ہیں۔اس سلسلے حکومت بلوچستان کی میڈیکل ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
Load/Hide Comments



