اسلام آباد/کوئٹہ(آن لائن)چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)عاصم احمد نے کہا ہے کہ تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کے ذریعے ہی معاشی خوشحالی کا خواب پورا کیا جا سکتا ہے،بازارچہ گیٹ وے تفتان اور دیگر کی جلد فعالی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں،ڈیوٹی ٹیکسز کی ادائیگی کے باوجود بلوچستان کی مال بردار گاڑیوں کوروکنا کسی طور درست اقدام نہیں ایسا کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا،تجارت پیشہ افراد کو سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی نے گزشتہ روز چیئرمین ایف بی آر محمد عاصم سے اسلام آباد میں ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں بازارچہ تفتان گیٹ وے میں تاخیر،بارٹر ٹریڈ کے آٹومیشن کیلئے Webocسسٹم میں کیو سی سی آئی ماڈیول کو فعال کرنے اور پنجاب و سندھ میں ڈیوٹی ٹیکسز کی ادائیگی کے باوجود بلوچستان کی مال بردار گاڑیوں کو روکنے اور انہیں بے جا تنگ کرنے سے متعلق آگاہی دی اور تجویز دی کہ اس بابت ایک کمیٹی تشکیل دی جائے انہوں نے اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔
Load/Hide Comments



