چودھری پرویز الٰہی ہی وزارت اعلیٰ کیلئے پارٹی کے امیدوار ہیں، سربراہ ق لیگ

لاہور(آن لائن) مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے اپنا پورا وزن چوہدری پرویز الٰہی کے پلڑے میں ڈال دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ق) اور پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی ہی ہیں، جن کو مینڈیٹ ملا حکومت کرنا ان کا حق ہے، ملکی مسائل کا حل اسی میں ہے کہ سال ڈیڑھ سال حکومت کا موقع ملنا چاہیے یا فوری انتخابات ہوں، فوری انتخابات سے مراد فوری ہیں مہینوں میں نہیں۔ اپنے ایک بیان میں سربراہ ق لیگ نے کہا کہ کوئی لیٹر جاری نہیں کیا نہ یہ سوال پیدا ہو تا ہے ایک بار نہیں دو تین بار پہلے بھی یہی بات کہہ چکا ہوں، مجھے صفائی پیش کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، ملکی مسائل کا حل اسی میں ہے کہ گنتی کے چکروں سے باہر نکلا جائے اور غریب آدمی کے مسائل کی طرف توجہ دی جائے، جو غریبوں کے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہو گا حقیقی معنوں میں اسی کی گنتی پوری ہو جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جو منتخب ہوئے ہیں وہ عوام کی خدمت کریں، اس فکرمیں نا پڑیں کہ ایک دوسرے کو کیسے نیچے دکھانا ہے، ملکی مسائل کا حل اسی میں ہے کہ سال ڈیڑھ سال حکومت کا موقع ملنا چاہیے یا فوری انتخابات ہوں، فوری انتخابات سے مراد فوری ہیں مہینوں میں نہیں۔