اسلام آباد (آن لائن) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ “پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مذہب، ثقافت، اقدار، تہذیب اور تاریخی روابط، باہمی اعتماد اور حمایت پر مبنی مثالی برادرانہ تعلقات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمہوریہ ترکیہ کے سفیرمہمت پاچاجی سے بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے ان سے یہاں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ترکیہ سفیرمہمت پاچاجی سے گفتگو کرتے ہوئے علاقائی اور عالمی ابھرتی ہوئی صورتحال پر مشترکہ مفاہمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ “پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مذہب، ثقافت، اقدار، تہذیب اور تاریخی روابط، باہمی اعتماد اور حمایت پر مبنی مثالی برادرانہ تعلقات ہیں “۔ وزیردفاع نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعہ کشمیر اور پانی کے بحران کا ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات میں مرکزی کردار ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت خطے میں دیرپا امن کے لیے منصفانہ حل ضروری ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں پر خاص طور پر اگست 2019 میں بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35-A کی منسوخی کے بعد بھارتی فوج کے مظالم پر پاکستان کی تشویش کا اعادہ کیا۔ ، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے دوطرفہ تعلقات کو اعلیٰ سطحی سٹریٹجک تعاون کونسل کے فورم کے تحت وزیر خارجہ اور دفاعی تعلقات کے تحت اعلیٰ سطحی ملٹری ڈائیلاگ میٹنگز کے تحت ادارہ جاتی شکل دی گئی ہے۔ وزیر دفاع نے اس حقیقت کو بھی سراہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی مشغولیت دفاعی صنعتی تعاون اور تربیت، وفود، کورسز اور مشترکہ مشقوں کے باقاعدہ تبادلے کے ذریعے پاکستان کی صلاحیتوں کو بڑھانے پر مرکوز ہے۔دونوں اطراف نے سلامتی، انسداد دہشت گردی اور خطے میں ترقی پذیر صورتحال سے نمٹنے سمیت مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
Load/Hide Comments



