عمران نیازی کے تما م بیاینے زمین بوس ہو گئے،مسلم لیگ (ن)

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا ہے ملکی معیشت کو ڈگمگاتے رکھنا عمرانی فتنے کا ایجنڈا ہے، عمران نیازی کے تمام بیاینے زمین بوس ہو گئے، ان کا پانچواں بیانیہ نیپی بیانیہ ہے، آج لاہور میں کون کس کی نیپی بدلے گا جاننا چاہیں گے، عام انتخابات اکتوبر 2023 میں ہوں گے، حکومت مدت پوری کرے گی جبکہ وزیر مملکت مصدق ملک کا کہنا ہے کہ ملکی ضروریات کے مطابق وافر مقدار میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر موجود ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کا فرض ہے۔اسلام آباد میں وزیر مملکت مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ 2018 کے عام انتخابات کے بعد پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی جماعت تھی جب کہ عمرانی فتنے کی جماعت کے اراکین کی تعداد 155 تھی، اس کے باوجود ہر قسم کا دباؤ ڈال کر پنجاب میں عمرانی فتنے کی حکومت قائم کی گئی۔خرم دستگیر نے کہا کہ جب عمرانی فتنہ سر اٹھاتا ہے تو ملک کی معیشت ڈگمگانا شروع ہوجاتی ہے، روپے کی قدر میں کمی ہوئی، اسٹاک مارکیٹ گری، عمرانی فتنے کا ایجنڈا پاکستان کی معیشت کو ڈانواں ڈول رکھنا ہے، وہ ہمیں واضح طور پر نظر آیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کتنی مضحکہ خیز اور عجیب بات ہے کہ جس جماعت نے 17 جولائی کے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کی، وہ اپنی کامیابی کے باوجود الیکشن کمیشن پاکستان پر چڑھ دوڑے، عمران خان چیف الیکشن کمشنر کو غدار قرار دے رہے ہیں، انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں، یہ ہی فاشزم کا حاصہ ہے کہ جو ادارہ بھی فاشسٹ شخص کی مرضی کے خلاف عمل کرے اس کے خلاف ہر قسم کی مغلظات بکی جائیں، اس کے بارے میں غلط گفتگو کریں، اس کو غدار قرار دیں۔خرم دستگیر نے کہا کہ میں یہاں گزشتہ سال ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب کا حوالہ دینا چاہوں گا کہ جب الیکشن کمیشن نے ری پولنگ کا فیصلہ کیا تھا تو اس وقت کے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور نے سینیٹ میں یہ کہا تھا کہ ایسے اداروں کو تو آگ لگادینی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ایجنڈا ملکی جمہوری اداروں کو آگ لگانے کا ہے، ہماری وسیع البنیاد اتحادی حکومت اس آگ کو بجھانے آئے ہیں، ان آئینی اداروں کا تحفظ کرنے آئے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 17 جولائی کو عمران خان کے 4 بیانیے زمین بوس ہوگئے، ان کا ایک پانچواں بیانیہ بھی ہے لیکن وہ وہ لطیفہ ہے، ان کے 4 بیانیوں میں سے زمین بوس ہونے والا ایک بیانیہ یہ تھا کہ عمران خان اب بتادیں کہ 17 جولائی کو امریکی سازش کہاں ہوئی اور اس نے کس کی حمایت کی، ان کا دوسرا بیانیہ ایکس اور وائے کا تھا، نیوٹرل اور جانور کا یہ بھی بتادیں کہ 17 جولائی کو کس کی حمایت ہوئی تھی۔ خرم دستگیر نے مزید کہا کہ ان کا تیسرا بیانیہ وہ ہے جس کے تحت ہو الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہیں، وہ بیانیہ بھی زمین بو گیا، جب سے آئین شکنی سے متعلق عدلیہ کا تفصیلی فیصلہ آیا ہے اس وقت سے اس کے اوپر بھی حملہ آور ہیں۔انہوں نے کہا عمران خان کا پانچواں بیانیہ نیپی بیانیہ ہے، پی ٹی آئی کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار نے گزشتہ مہینوں میں ایک بیان دیا تھا جس میں انہوں نے نیپیاں بدلنے سے متعلق بیان دیا تھا تو اب یہ سوال بہت اہم ہے کہ 17 جولائی کو کس نے کس کی نیپی بدلی اور ہم جاننا چاہیں گے کہ کل لاہور میں کون کس کی نیپی بدلے گا۔