اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں ڈیمز پر کام کی رفتار کو بڑھانا ہوگا تاکہ نہ صرف بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے بلکہ ملک کو تیز ترین ترقی کی راہ پر بھی گامزن کیا جا سکے۔ مہمند ڈیم پر تعمیراتی کام کی پراگرس ریویو میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈیمز پر کام کی رفتار کو بڑھانا ہوگا تاکہ نہ صرف بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے بلکہ ملک کو تیز ترین ترقی کی راہ پر بھی گامزن کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے ڈیمز کی جلد از جلد تکمیل کو ممکن بنایا جائے گا اور ڈیمز کی تعمیر میں کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پانی اور سستی بجلی کی اشد ضرورت ہے اس لئے زیر تعمیر منصوبوں کی بر وقت تکمیل نہایت ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت آبی وسائل زیر تعمیر منصوبوں کی نگرانی بھی کرے گی اور ڈیمز کی تعمیر کے سلسلے میں واپڈا کو بھر پور مدد فراہم کرے گی۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ اس وقت مہمند ڈیم کی 14 سائیٹس پر بیک وقت تعمیراتی کام جاری ہے اور ڈیم کی تعمیر کا کام 2026ء تک مکمل کر لیا جائے گا۔ مہمند ڈیم میں 1.2 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا اور 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگا۔
Load/Hide Comments



