لندن(آن لائن)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیرِ خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہماری جماعت پہلے کی طرح میاں نواز شریف کی قیادت اور شہباز شریف کی صدارت میں متحد رہے گی۔ مسلم لیگ ن میں تقسیم کی باتیں بالکل بے بنیاد ہیں، قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔اپنے ایک بیان میں سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ اقتصادی ٹیم پر حکومت کی تشکیل کے صرف 3 ماہ بعد تنقید کرنے والے یہ مت بھولیں کہ عمران خان کی نا اہل حکومت معیشت کو تباہ کر کے ملک کو مشکل چیلنجز میں جھونک کر گئی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ میاں نواز شریف کی وزارتِ عظمیٰ میں مہنگائی 4 فیصد(کھانے کی اشیاء 2 فیصد) جی ڈی پی 6 فیصد، شرح سود 5.25 فیصد،جنوبی ایشیاء کی مستحکم ترین کرنسی اور سب سے بہترین کارکردگی والا اسٹاک ایکسچینج اور اس سب کی بنیاد پر پاکستان کو مستقبل کی 18 ویں بڑی معیشت کا عندیہ ملا۔اْنہوں نے کہا کہ ان تمام کامیابیوں کو عمران خان نے 43 مہینوں میں نیست و نابود کر دیا مگر قوم یقین رکھے کہ جیسے مسلم لیگ ن نے پہلے ملک کو مشکل ترین حالات سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا، اس بار بھی ان شا ء اللہ یہ قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔
Load/Hide Comments



