لاہور(آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کو دیوالیہ کرنا چاہتا تھا، ہم نے ملک کو مشکل فیصلے کر کے دیوالیہ ہونے سے بچایا، عمران خان کان کھول کر سن لیں الیکشن اس وقت ہوں گے جب حکومت اور الیکشن کمیشن چاہے گا،موصوف چاہتے تھے کہ میں 20 سیٹیں جیت جاؤں ورنہ الیکشن کمیشن کو آگ لگادیں گے، عمران خان کو جتنا کھلا چھوڑا گیا وہ اتنا اداروں کے خلاف حملہ آور ہوگا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 2018ء میں جو 20 نشستیں جیتی تھیں، ضمنی انتخاب میں ان میں سے 15 نشستوں پر دوبارہ کامیاب ہوئی، عمران خان ملک کے اندر سیاسی عدم استحکام اور خانہ جنگی چاہتے ہیں، ان کا مقصد ملک کے ہر ادارے کو تباہ کرنا ہے، عمران خان ملک کو دیوالیہ کرنا چاہتا تھا، معاشی سرنگیں بچھا کر پوری تیاری کر کے گئے تھے کہ ملک دیوالیہ ہو اور سری لنکا جیسے حالات پیدا ہوں، یہ وہ شخص ہے جو ملک میں انارکی اور خانہ جنگی چاہتا ہے، اس کا ہٹلر مائنڈ سیٹ ہے، موصوف چاہتے تھے کہ میں 20 سیٹیں جیت جاؤں، اگر ایسا نہ ہوا تو وہ الیکشن کمیشن کو آگ لگا دیں گے، آئین شکنی کا فیصلہ آئے تو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے لے کر بینچ کے تمام معزز ججز پر اٹیک کرنا ان کی عادت ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں 3 اپریل کو آئین شکنی پر عدالتیں کھلیں،اس شخص نے اپنے اقتدار کو بچانے کے لئے آئینی عہدوں سے آئین شکنی کروائی،عمران خان جب وزیراعظم تھے تو سائفر ملنے پر جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا، جس روز بیرونی سازش ہوئی اسی روز عوام کو کیوں نہیں بتایا، اسمبلیاں کیوں تحلیل نہیں کیں، عمران خان اپنی ہر تقریر میں افواج پاکستان سمیت ہر ادارے پر حملہ آور ہوتے ہیں، پاکستان کے عوام نے اس شخص کو اقتدار سے باہر کیا، اس شخص نے پاکستان کے عوروزگار کیا، ملکی معیشت تباہ کی، خارجہ اور داخلہ پالیسی تباہ کی، ملکی اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کی،وزیراعظم ہاؤس میں طیبہ گل کو اغواء کر کے چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا گیا، نیب کے پورے ادارے کو کمپرومائز کر کے سیاسی مخالفین کے خلاف کیسز بنائے، ایف آئی اے کے ڈی جی کو وزیراعظم ہاؤس کے اندر دھمکا کر کیسز بنانے کے آرڈر دیتے رہے، الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ دینا ہے، عمران خان نے فارن فنڈنگ کے ذریعے ملک میں اپنے پارٹی عہدیداروں کے اکاؤنٹس میں پیسے منگوا کر اربوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کی، آج اسی فارن فنڈنگ کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ شخص ہے جو چیف الیکشن کمشنر سے چور دروازے سے ملنے کی کوشش کرتا تھا،یہ اس چیف الیکشن کمشنر پر حملہ آور ہے جس کا تقرر اس نے خود کیا تھا،جس ضمنی الیکشن میں یہ ہارے، ایک درخواست انہوں نے الیکشن کمیشن میں نہیں دی،سپریم کورٹ اگر اس کے خلاف فیصلہ سنائے تو یہ سپریم کورٹ پر حملہ آور ہو جاتا ہے، آج چیف الیکشن کمشنر سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں اور کل چیف جسٹس سے کہیں گے کہ استعفیٰ دیں، جو ادارہ اس کے خلاف بات کرے اس ادارے کے سربراہ کو استعفیٰ دینے کا کہتا ہے، جو میڈیا اس کے بارے میں بات کرے اور آئینہ دکھائے، ان کے رپورٹرز پر حملہ کرنا، سینسر شپ کرنا اور ان کے قلم پر تالہ لگانا اس کا وطیرہ رہا ہے، عمران خان اپنے دور میں پارلیمان کو سوال کرنے پر تالہ لگا دیتا تھا، یہ ریاستی طاقت کو استعمال کر کے سیاسی مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتا رہا،آج جب یہ اقتدار میں نہیں ہے تو یہ اداروں کو گالی دیتا ہے-
Load/Hide Comments



