رواں ماہ بھارتی طیاروں کی چوتھی مرتبہ کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

کراچی(آن لائن)رواں ماہ بھارتی طیاروں کی چوتھی مرتبہ کراچی میں ہنگامی لینڈنگ۔تفصیلات کے مطابق بھارتی ایئرلائن ‘انڈیگو’ کے طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، چند روز کے دوران یہ دوسرے بھارتی مسافر طیارے کی کراچی ائیر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ ہے۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق انڈیگو ایئر لائن کی پرواز کا طیارہ ایئربس 320 شارجہ سے حیدر آباد دکن جارہا تھا، پرواز ای 6-1406 کے طیارے نے شارجہ سے حیدر آباد دکن جاتے ہوئے بحیرہ عرب کی فضائی حدود کے درمیان ہنگامی لینڈنگ کی کال دی تھی۔سی اے اے ذرائع کے مطابق انڈیگو کے طیارے میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے پر کپتان نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ایئرلائن انڈیگو کے طیارے کے کپتان نے طیارے کو بحفاظت لینڈ کرایا، طیارے میں 180 مسافر سوار تھے، مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ کے ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کردیا گیا جہاں انڈیگو ایئر کے مسافروں کو ناشتہ بھی فراہم کردیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ایئر لائن انتظامیہ نے سی اے اے کو آگاہ کردیا ہے کہ سہ پہر 3 بجے تک متبادل طیارے سے مسافروں کو بھارتی شہر حیدر آباد دکن منتقل کیا جائے گا۔