پشاور (آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کرک اور ٹانک کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ٹانک کے علاقہ پائی اوزدہ علاقوں جبکہ ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی میں سیلاب سے متاثرہ مقامات کا دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر مذکورہ علاقوں کے سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین میں فی کس تین لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کیے اور اعلان کیا کہ انہیں مزید پانچ لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔انہوں نے مکمل تباہ شدہ گھروں کے لیے چار لاکھ روپے فی گھر جبکہ جزوی طور پر نقصان زدہ گھروں کے لیے ایک لاکھ 60 ہزار روپے فی گھر دینے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے کرک اور ٹانک کی ضلعی انتظامیہ کو عوامی نمائندوں کی معاونت سے ایک ماہ کے اندر نقصانات کا تخمینہ لگا کر رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تحصیل تخت نصرتی میں سیلاب سے متاثرہ انفرا سٹرکچر کی بحالی کے لیے تیس کروڑ روپے جبکہ ضلع ٹانک کی یونین کونسل پائی کے لیے بیس کروڑ روپے خصوصی پیکج کا اعلان کیا۔محمود خان نے اس موقع پر سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ موسم کی خرابی کی وجہ سے قدرے تاخیر سے آئے ہیں تاہم عوام مطمئن رہیں۔آ پ کا وزیراعلیٰ آپ کے ساتھ کھڑا ہے، آپ تنہا نہیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی،ہم مشکل مالی حالات کے باوجود حالات کا مقابلہ کریں گے۔
Load/Hide Comments



