لاہور(آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں ڈینگی کی صورتحال پر جائزہ اجلاس، وزیراعظم نے ڈینگی پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے خصوصی حفاظتی اقدامات کی تاکید کی۔ دورہ لاہور کے دوران وزیراعظم نے اجلاس کی صدارت کے دوران چیف سیکرٹری پنجاب کو خصوصی کمیٹی بنانے کی ہدایت کی کمیٹی 36اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ڈینگی کے تدارک کیلئے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اس امر پر خصوصی زور دیا کہ ڈینگی کے خلاف مرحلہ وار اقدامات میں ضلعی انتظامیہ کا کلیدی کردار ہے اس لیے ضلعی انتظامیہ کو پیشہ ورانہ تربیت یافتہ عملے اور جدید فنی طریقوں کو اپناتے ہوئے ڈینگی کے خلاف جنگی بنیادوں پر مؤثر طریقے سے انتظامات کرنے کی ضرورت ہے. وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈینگی وباء کی شروعات میں پاکستان عالمی سطح پر ڈینگی کے خلاف خاطر خواہ کامیابی سے نبرد آزما تھا کارکردگی کے اسی پیمانے کو دوبارہ فعال کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ڈینگی سے بچاؤ کی عوامی آگاہی مہم اور عوامی مقامات پر حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب, سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ، سیکرٹری ایگریکلچر, سیکرٹری اریگیشن, سیکرٹری لوکل گورنمنٹ،کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
Load/Hide Comments



