عمران خان اس کیلئے ووٹ مانگ رہا ہے جسے اس نے پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہا تھا: مریم نواز

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان اس کیلئے ووٹ مانگ رہا ہے جسے اس نے پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہا تھا،17جولائی کو شیر اور بلے، مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کی جنگ نہیں بلکہ لاہور اور پنجاب کی ترقی کی جنگ ہے جو ہم ان سے چھین کر لیں گے، نواز شریف نے کہا ہے اگر اسی طرح عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوتی رہیں تو دو ہفتے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید نیچے آئیں گی،مبارک ہو ہم مشکل وقت سے گزر آئے ہیں اب ہر آنے والا دن قوم کے لئے اچھی خبر لے کر آئے گا،پنجاب کو یہ بھی پتہ نہیں تھا کہ وزیر اعلیٰ بزدار تھا فرح گوگی تھی یا پنکی پیرنی تھی،یہاں کٹھ پتلیوں نے آگے کٹھ پتلیاں رکھی ہوئی تھیں۔لاہور والوں آپ نے ہمارے ساتھ وفا نبھانی ہے اورہم آپ کے ساتھ وفا نبھائیں گے اور آپ کی زندگیوں میں بہاریں واپس لے کر آئیں گے۔ضمنی انتخابی حلقہ پی پی 168میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اسد کا مطلب شیر ہے اور شیر اب شیروں میں آگیا ہے تو اب شیر بن کر دکھائے گا، شیرکو شیروں کے ساتھ ہی ہونا چاہیے گیڈروں کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کل بہت ہفتوں کے بعد جب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوئیں تو میں چین کی نیند سوئی ہوں۔ مبارک ہو ہم مشکل وقت سے گزر آئے ہیں اب آنے والا ہر دن قوم کے لئے اچھی خبر لے کر آئے گا۔ 17جولائی کو لاہور میں چار نشستوں پر الیکشن ہے، میں جانتی ہوں لاہور نواز شریف کا تھا نواز شریف کا ہے اور نواز شریف کا رہے گا، لاہور پر بری نظر رکھنے والوں کو کہنا چاہتی ہوں 17جولائی کو آپ کو یہاں سے مایوس لوٹنا پڑے گا۔