کراچی(آن لائن)بارشوں کا نیا اسپیل، کراچی میں نکاسی آب کیلیے اضافی عملہ تعینات کرنے کا حکم۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کل جمعرات سے بارشوں کے نئے اسپیل کے پیش نظر کراچی میں نکاسی آب کے لیے اضافی عملہ اور مشینری تعینات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایمرجنسی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں کئی صوبائی وزراء و مشیر اور اعلیٰ سرکاری حکام موجود تھے۔اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری سہیل راجپوت نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ وہ شہر کا دورہ کرکے آئے ہیں،ٹاور، این آئی سی وی ڈی، جے پی ایم سی اور انڈر پاسز سے پانی نکال دیا گیا ہے، کھارادر اللہ والا پارک اور آئی آئی چندریگر روڈ کی کچھ جگہوں پر پانی موجود ہے۔چیف سیکریٹری نے بتایا کہ ای بی ایم کازوے کو ٹھیک کیا گیا ہے اب گاڑیاں چل رہی ہیں، کورنگی کراسنگ کاز وے پر کام ہو رہا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں نے خود بھی اکیلے دورہ کیا ہے، جہاں سے پانی نکل گیا ہے وہاں کیچڑ وہاں موجود ہے، مجھے کیچڑ صاف چاہئے، جن جگہوں پر نکاسی آب کی لائنیں چوک ہیں وہ لائنیں کھلوائیں، کل سے بارش کے نئے اسپیل کا بتایا گیا ہے، جن علاقوں میں بارش سے مسائل ہوئے وہاں مشینری اور عملہ تعینات کریں۔مراد علی شاہ نے ہدایت کی شاہین کمپلیکس، قیوم آباد، اردو یونیورسٹی اور دیگر ضروری مقامات پر ڈی واٹرنگ پمپس لگائیں۔یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے 14 سے 17 جولائی تک کراچی سمیت سندھ کے زیریں علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بارشوں سے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے-
Load/Hide Comments



