قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی دکھائے گی،وقار یونس

لاہور (آن لائن)سابق کپتان وقار یونس نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی اچھی کارکردگی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی دکھائے گی۔آئی سی سی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اچھا چانس ہے اور قومی ٹیم اس ایونٹ میں اچھا کھیلے گی۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں عمومی طورپچز بیٹنگ ہوتی ہیں اور پاکستان کے پاس اچھے بیٹرز ہیں جو آسٹریلوی کنڈیشنز میں اچھا کھیل سکتے ہیں۔وقار یونس نے کہا کہ کپتان بابر اعظم کا یقینی طور پر ٹاپ آرڈر میں اہم کردار ہوگا، میرے خیال میں بابر اعظم کا اچھا امپیکٹ ہو گا جو کہ ہمیشہ رہا بھی ہے جب کہ رضوان بلاشبہ بہت اچھا کھیل رہے ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان کا بولنگ اٹیک دنیا کا ایک بہترین اٹیک ہے، پاکستان نے گزشتہ برس چھ سات بولرز آزمائے وہ سب اچھے جا رہے ہیں، شاہین آفریدی اور حارث رؤف بہت اہم ثابت ہوں گے جب کہ حسن علی کو بھی بھولنا نہیں چاہیے، بولنگ اٹیک میں شاداب خان اور محمد نواز جیسے اچھے اسپنرز بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بابراعظم کی ماڈرن ڈے کرکٹ ملین ڈالرز کی دکھائی دیتی ہے وہ یقینی طور پر دیگر بڑے ناموں کی طرح اچھے ہیں، بابر اعظم ابھی نوجوان ہیں اور بہت کرکٹ باقی ہے، بابر جب ریٹائرڈ ہو جائیں گے تو پھر ان کا موازنہ دوسرے کے ساتھ کر سکتے ہیں۔