لاہور (آن لائن)مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ جانوروں کی قربانی کے ساتھ اپنی انا کی قربانی بھی کر دینی چاہیے تب جا کر معاملات میں بہتری آئیگی،سیاسی میں نظریاتی اختلاف ضرور ہو سکتا ہے اس کو ذاتی دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے۔ گزشتہ روزچودھری شجاعت حسین نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھردی پرویز الٰہی اورچودھری مونس الٰہی کے ساتھ سینئر صحافیوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا،چوہدری شجاعت نے کہا کہ سیاست میں نظریاتی اختلاف ضرور ہو سکتا ہے اس کو ذاتی دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے۔ قربانی کے دن ہے اپنی انا کی قربانی بھی کر دیں، تب جا کر معاملات میں بہتری آئے گی، آج کل بہت سے بیانات آ رہے ہیں، ان میں سے کافی زیادہ بیانات میں تکبر کی بدبْو ہے۔ان کا کہنا تھاکہ فوج ملک کی محافظ ہے، اس کو پتہ ہے ملک کو کیسے سنبھالنا ہے۔ کشمیر کے حوالے سے ہمارا مؤقف برقرار ہے، خطے میں امن کیلئے ضروری ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو آزاد ریاست بنا دیا جائے، آج پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے سب کو چاہیے کہ ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے بجائے عوام کا سوچیں۔ اگلے الیکشن میں گجرات شہر سے ایم پی اے کی ٹکٹ کا فیصلہ مونس الہٰی کریں کیونکہ وہ اس حلقے کے ایم این اے ہیں،اس وقت تمام پارٹیوں کو اپنے اختلافات بھول کر مہنگائی کے خلاف اپنی اپنی تجاویز دینی چاہئیں۔اس موقع پرچودھردی پرویز الٰہی نے کہا کہ چوہدری شجاعت ہمارے بڑے ہیں، خاندان کے فیصلے وہی کرتے ہیں، آئندہ کچھ سالوں میں سیاست کا نقشہ بدل جائے گا، نئے چہرے سیاست کے میدان میں آئیں گے۔ اْن کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام پر مہنگائی مسلط کر دی گئی ہے، پٹرول، گیس سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیں اتنی بڑھا دی گئی ہے کہ غریب آدمی کا گزارا کرنا مشکل ہو گیا ہے،شریف برادران نے ہمیں کئی بار دھوکہ دیا ان پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا، قوم نا اہل حکمرانوں سے تنگ آ چکی ہے، آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد کر کے لڑیں گے، ان کے ساتھ ہمارا اتحاد برقرار رہے گا۔ مونس الہٰی نے کہا عمران خان ملکی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ان کے ساتھ ہمارا اتحاد برقرار رہے گا، چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الہٰی نے سیاست میں آنے سے پہلے ایک ہی بات سمجھائی تھی کہ شریف خاندان پر اعتماد نہیں کرنا یہ پیٹھ پر چھرا گھونپتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی خدمت کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
Load/Hide Comments



