عمران خان اسلامی ٹچ سے ضمنی انتخابات کو بھی جہاد سے تشبیہ دے رہے ہیں،شیری رحمان

اسلام آباد (آن لائن)پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آج کل عمران خان اسلامی ٹچ کے ذریعے ضمنی انتخابات کو بھی جہاد سے تشبیہ دے رہے ہیں، وہ اپنے سیاسی مقاصد کے لئے لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں، بدھ کے روز ٹوئٹر پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ہی پاکستان کا کرپشن انڈیکس میں نام 117 ویں سے 140 ویں نمبر پر آ گیا،یہ لوگوں کو اپنی سیاست کیلئے جلاؤ گھیراؤ پر اکساتے ہیں لیکن وہ خود کو حق اور مخالفین کو چور ڈاکو ثابت کرنا چاہتے ہیں، خود ان میں اتنی جرات نہیں کہ دھاندلی کا الزام لگاتے وقت کسی کانام لیں،ان کا کہنا تھا کہ کبھی کہتے ہے مسٹر ایکس دھاندلی کر رہا کبھی کہتے مسٹر وائی دھاندلی کر رہا،یہ کیسا جہاد ہے جس میں عمران خان اشاروں میں بات کر رہے؟انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگانے سے پہلے عمران خان کو 35 پینچر کے بیان پر معافی مانگنی چاہئے، مسٹر ایکس اور مسٹر وائی کا بیان بھی 35 پینچر کی طرح “سیاسی” ثابت ہوگا،انتخابات کے بعد عمران خان کہے گے ان کو کسی نے کہا تھا، لہذا وہ ایک “سیاسی بیان” تھا۔