اسلا م آباد (آن لائن) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے حج کے باسعادت موقع پر تمام حجاج کرام اور امت مسلمہ کو خصوصی مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا اس بابرکت دِن ہر مسلمان عہد کرتاہے کہ ذات باری تعالیٰ کے احکام کی بجا آوری کیلیے وہ ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا قربانی کا جذبہ اس عہد کی بھی تائید ہے جس کا حضرت ابراہیم ؑ نے اعلان کیا تھا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ کرہ ارض پر ہر مسلمان اپنے فرض منصبی کو پہچانے۔ انہوں نے کہا ہمیں چاہیے کہ قرآن و سنت کا امن، اخوت اور بھائی چارے کا پیغام انسانیت میں عام کریں۔ انہوں نے کہا قربانی کے موقع پر ایسے افراد کا خیال رکھا جائے جو مالی حالات کی تنگی یا کسی اور پریشانی کی وجہ سے قربانی نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا امت مسلمہ کو اس وقت سب سے زیادہ اتحاد کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے کشمیری و فلسطینی مسلمانوں کی آزادی اور فتح کے لیے بھی خصوصی دعا کی۔چیئرمین سینیٹ نے حج کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
Load/Hide Comments



