اسلام آباد،کراچی (آن لائن) راولپنڈی،اسلام آباد،خیبر پختون خوا، ملتان، کراچی اور لاہور میں مون سون بارش نے تباہی مچادی، مختلف حادثات اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ پندرہ سے زائد زخمی ہوگئے۔تفصیل کے مطابق خیبر پختون خوا کے ضلع صوابی میں مکان کی چھت گرنے سے مفرق خان نامی شخص کی ماں اور بیوی سمیت 3 بچے دب گئے، بیوی اور ایک بیٹی موقع پر جاں بحق جبکہ دو بیٹے اور ماں شدید زخمی ہوگئیں۔ریسکیو 1122 ٹیموں نے ملبے میں دبے جاں بحق اور زخمیوں کو نکالا۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر صوابی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔زخمیوں میں مفرق خان کی ماں اور دو بیٹے ایان (عمر) 8 سال، صفیان عمر (1) سال شامل جبکہ مفرق خان کی بیوی اور 6 سالہ بیٹی موقع پر جاں بحق ہوگئے۔کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، دکان میں کام کے دوران بجلی کی تار سے کرنٹ لگا جس کے باعث نوجوان موقع پر دم توڑ گیا، جس کی شناخت 25 سالہ عبدالخالق ولد عبدالماجد کے نام سے ہوئی ہے۔دوسری جانببدین میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔راولپنڈی میں جھنگی سیداں کے علاقے میں بارش سے بوسیدہ کمرے کی چھت گرگئی، جس کے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرے کو بچالیا گیا۔ا سلام آباد میں مسلسل چار گھنٹے ہپونیوالی بارش کے باعث سیکٹر ایچ 13 پانی میں ڈوب گیا۔ عمارتوں کی بیسمنٹس میں بھی پانی داخل ہو گیا، لوگوں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا،امدادی ٹیمیں نہ پہنچ سکیں،محکمہ موسمیات کیے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آج بھی وقفہ وقفہ سے جاری رہے گا۔راولپنڈی۔ملک کے مختلف حصوں میں تیز بارش سے سیلابی صورتحال ہے۔ نالہ لئی کی سطح دس فٹ تک پہنچ گئی ہے،پاک فوج بھی سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہے۔جنوبی بلوچستان کے ہوشاب ایریا میں ایف سی نے چار افراد کو بچا لیا،یہ چاروں افراد نالہ کیچ کور میں پھنسے ہوئے تھے۔شجاع آباد میں فوجی گراؤنڈ کے قریب گھر کی بوسیدہ دیوار گرگئی جس کے ملبے تلے دب کر خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال لیا گیا جبکہ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔لاہور میں بھاٹی گیٹ میں شیش محل گھاٹی کے قریب کمرے کی چھت گرگئی، جس سے دو افراد ملبے تلے دب گئے، جنہیں فوری امدادی کارروائی کرکے زندہ نکال کر طبی امداد کے لئے میو اسپتال منتقل کردیا گیا۔زخمی ہونے والوں میں ایک مرد اور خاتون شامل ہیں، جن کی شناخت 64 سالہ غزالہ اور 30 سالہ عمر کے نام سے ہوئی ہے، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
Load/Hide Comments



