جوڈیشیل کمیشن بنایا جائے تاکہ عمران خان کے جھوٹ کا قوم کو پتہ چل سکے،راجہ ریاض

اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ جوڈیشیل کمیشن بنایا جائے تاکہ عمران خان کے جھوٹ کا قوم کو پتہ چل سکے،شاہ محمود قریشی اور شیریں مزاری کا استعفیٰ بہت جلد منظور کر لیا جائے گا، میرا کوئی ٹویٹر اکاؤنٹ نہیں ہے، ایک بوگس اکاؤنٹ بنا ہوا جس کو ختم کرانے کے لیے ایف آئی اے کو درخواست دی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی کو ڈسا ہے وہ انہیں قبول نہیں کرے گی، اب ان کا بیٹا بھی بری طرح سے شکست کھائے گا،انہوں نے کہا کہ میرا تو اب بھی مطالبہ ہے جوڈشیل کمیشن بنایا جائے تاکہ عمران خان کے جھوٹ کا قوم کو پتہ چل سکے۔ راجہ ریاض نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے شاہ محمود قریشی اور شیریں مزاری کا استعفیٰ بہت جلد منظور کر لیا جائے گا کیونکہ ان دونوں نے ہی کھڑے ہو کر مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔