وزیر اعظم کا مردان بم دھماکے میں اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے مردان بم دھماکے میں 2پولیس اہلکاروں کی شہادت پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ اور زخمی ہونے والوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا صوبہ خیبرپختونخوا میں پولیس پر بڑھتے ہوئے حملوں اور شہادتوں پر بہت تشویش ہے، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان صوبہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری اور پولیس پر حملوں کے تدارک میں معاونت فراہم کریں اوروزیراعلیٰ خیبرپختونخوا صوبے میں امن وامان سے متعلق درپیش صورتحال کا جائزہ لیں، وفاق پوری مدد کرے گا، وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ کو پولیس پیکج کے تحت امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔