کسی بھی قوم میں نوجوان طبقہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے:سینیٹر ثمینہ ممتاززہری

کوئٹہ(آن لائن)کسی بھی قوم میں نوجوان طبقہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور مستقبل کے لئے نوجوانوں کی صحیح سمت رہنمائی ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے اان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ہمارے روشن مستقبل کے ضامن اور ہمارا سرمایہ ہیں۔ہمارے نوجوان کسی صورت کسی سے کم نہیں بات صرف مواقع ملنے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ہمارے آنے والے مستقبل کے معمار ہیں۔بلوچستان کی دیرپا اور تیز رفتار ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بندوق کے زور پر کبھی بھی اپنے حقوق حاصل نہیں کئے جاسکتے جبکہ بندوق کی بجائے قلم وقت کی ضرورت ہے کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔بلوچستان کے نوجوان ہر شعبے میں اپنی فنی و علمی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور دنیا بھر میں اپنے پیارے وطن پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوا ن باشعور ہو چکا ہے اوراسے اپنے اچھے برے کی پہچان ہے اور انہیں اچھی طرح معلوم ہونا چاہئے کہ قوموں کی ترقی اور مستقبل کا دارومدار نوجوانوں پر ہوتا ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے مقابلے کے دور میں جو قوم اپنے نوجوانوں پر توجہ دے گی اور ُان کی صحیح سمت رہنمائی کرے گی وہی قوم دنیا کے نقشے پر کامیابی کے جھنڈے گاڑھے گی اور ترقی کرے گی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ہمارے چند ناراض اور بھٹکے ہوئے نوجوان دوسروں کے بہکاوے میں آ کر غلط راہ پر چل رہے ہیں جو کہ سراسر دھوکہ اور سراب ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان نوجوانوں کو صحیح سمت دکھائی جائے اور وطن سے محبت اور اس کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانا ہی صحیح سمت ہے۔