نالے میں پھنسے 4 بچوں کو بچا لیا گیا،وزیر اعظم کی ریسکیو ٹیم کو شاباش

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تھانہ بنی گالہ کی حدود میں واقع کورنگ نالے میں پھنسے 4 بچوں کو ریسکیو کر لیا گیا۔تفصیل کیمطابق نیوی اور ریسکیو ٹیموں نے کورنگ نالے میں پھنسے 4 بچوں کو انتہائی مہارت کے ساتھ نکالنے میں کامیاب ہوگئے،یہ ریسکیو آپریشن کئی گھنٹوں تک جاری رہا،ریسکیو حکام نے بچوں کو بحفاظت نکالنے کے بعد انکے گھروں تک پہنچا دیا ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد کے کورنگ نالہ میں سیلابی لہروں میں پھنسے چار کم سن بچوں کو بچانے پر ریسکیو ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو1122 کے عملے نے فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کی ہے، وزیراعظم نے کہا کہ طوفانی سیلابی ریلے میں ریسکیو کے عملے نے جس جانفشانی، چابکدستی، مہارت اور دلیری کا مظاہرہ کیا اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں،شدید موسمی حالات میں والدین اپنے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، اللہ کا شکر ہے کہ کوئی حادثہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا راولپنڈی سمیت ملک بھر کی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیوٹیمیں اسلام آباد کی ٹیم کی مثال کی تقلید کریں، یہ واقعہ سب کے لئے مثال ہے کہ اگر ہم اسی طرح ٹیم ورک، محنت اور جا نفشانی سے کام کریں گے تو انشاء اللہ مشکلات کے طوفانی ریلوں سے سرخرو ہوکر نکلیں گے، انہوں نے کہا طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال میں قومی اور انسانی ہمدردی کے جذبے کے ساتھ اپنے اہل وطن کی مدد کریں۔ دوسری جانب اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے سیکٹر ایچ 13 میں نالے کی دیواریں ٹوٹ گئیں، نالے کی دیواریں ٹوٹنے کے باعث پانی گھروں میں داخل ہو گیا، متعدد گاڑیاں بھی پانی میں پھنس گئیں،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا ہے کہ لوگوں سے اپیل ہے کہ اس موسم میں ندی نالوں کے پاس جانے سے گریز کریں، دوسری جانب راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے باعث خطرے کی علامت سمجھے جانے والے نالہ لئی کی سطح 18 فٹ تک ریکارڈ کی گئی ہے۔جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا، بارش کا پانی مری روڈ پرجمع ہوجانے کے سبب ٹریفک جام میں متعدد ایمبولینسز پھنس گئیں،بارش کے باعث لیاقت باغ، کمیٹی چوک اور مریڈ چوک پر پانی جمع ہوجانے کے سبب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے مختلف ریسکیو ٹیمیوں کے علاوہ پاک فوج کے دستوں کو بھی طلب کیاگیا۔