مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا، حکومت کی نالائقی اور نااہلی کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے، سراج الحق

اسلام آباد(آن لائن)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا، 18،18گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری، حکومت کی نالائقی اور نااہلی کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے، حکمرانوں کے گھوڑے ائیرکنڈیشن کمروں میں اور غریبوں کے بچے گرمی میں تڑپ رہے ہیں،قوم کے ساتھ مذاق اور ظلم بند کیا جائے، طویل المیعاد منصوبوں کے دعوے، لیکن پورا نظام ایڈہاک ازم پر چلتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت نے سندھ کے بعد پنجاب میں لمپی سکن وائرس کی وجہ سے کسانوں کے مویشیوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اداروں کی نالائقی کی وجہ سے اب تک ہزاروں جانور ہلاک اور لاکھوں تکلیف میں مبتلا ہیں۔ ذمہ دار محکمے کہیں دکھائی نہیں دیتے،غریب کسان رْل گئے ہیں۔ جن لوگوں کے پاس دو تین جانور ہیں اور گزر بسر انہی کو پالنے، دودھ اور گوشت بیچنے میں ہوتا ہے، ان کے پاس روزی کمانے کا وسیلہ مستقل طور پر ختم ہو چکا ہے۔حکومت نے تاحال غریب کسانوں کو ریلیف دینے کا کوئی بندوبست نہیں کیا۔ عیدالاضحی کے قریب بیماری کی وجہ سے جانوروں کا کوئی خریدار نہیں، بیوپاری، مالکان اور خریدار تینوں پریشان ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت جانوروں کے لیایمرجنسی ڈکلیئر کرے اور جن کسانوں کے جانور مرے ہیں انھیں معاوضہ دے۔ ایمرجنسی بنیادوں پر مویشیوں کی ویکسی نیشن کی جائے۔ لائیوسٹاک عملہ کی دیہاتوں میں موجودگی یقینی بنائی جائے اور اسی طرح مویشی منڈیوں میں بیمار جانوروں کی آمد کو روکنے، ان کے علاج اور خریداروں کے لیے ہر قسم کی گائیڈ لائنز اور سرکاری عملے کی دستیابی ممکن بنائی جائے۔