لاہور (آن لائن)عید الاضحی کے موقع پر لگائے گئے سیل پوائنٹس پر لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کیے گئے انتظامات اور سہولیات کی فراہمی چیک کرنے کے لیے رات گئے افسران نے پنجاب بھرمیں منڈیوں اور چیک پوسٹوں کے دورے کیے۔ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر اقبال شاہد نے ایل ڈی اے ایونیو لاہور جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ خالد محمود چوہدری نے پائن ایونیو منڈی کا اچانک دورہ کیا۔انھوں نے ویٹرنری کیمپ پر سٹاف کی حاضری، ادویات کی فراہمی اور ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ انھوں نے ہدایات دیں کہ جانوروں کو لمپی سکن ودیگر بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے اور سیل پوائنٹ پر اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ لمپی سکن سے متاثرہ کوئی بھی جانور داخل نہ ہو سکے۔ڈاکٹر اقبال شاہد نے کہا کہ تمام منڈیوں میں ویٹرنری کیمپ 24گھنٹے مفت علاج معالجہ کی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے مہیا کردہ تمام سرگرمیوں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کی جارہی ہے۔ایڈیشنل سیکرٹریز نے فارمرز اور بیوپاریوں سے محکمانہ خدمات بارے فیڈ بیک لیااور ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بھی چیک کئے۔فارمر اور بیوپاری حضرات نے محکمہ لائیو سٹاک کے اقدامات کو سراہا اور تسلی بخشقرار دیا۔ایڈیشنل سیکرٹریز نے عملہ کو ہدایت کی کہ فارمر حضرات کو لمپی سکن بیماری بارے مؤثر آگاہی فراہم کی جائے تاکہ اس بیماری پر قابو پانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔اس کے علاوہ محکمہ لائیوسٹاک کے دوسرے افسران بھی فیلڈ میں متحرک رہے جن میں ڈائریکٹر راولپنڈی ڈویژن ڈاکٹر محمد سرفراز احمد چٹھہ نے رات گئے سوہاوہ، منگلہ، ترکئی، دینہ اور جہلم، ڈائریکٹر بریڈامپروومنٹ ڈاکٹر محمد یوسف نے عارف والہ، بوریوالہ، پاکپتن،ڈائریکٹر جنرل (توسیع)ڈاکٹر احتشام الحق اور ڈائریکٹر لاہور ڈویژن ڈاکٹر کنور محمد نعیم نے لاہور، شیخوپورہ اور قصور میں مویشی منڈیوں کے دورے کئے اورانتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
Load/Hide Comments



