حتمی انتخابی فہرستوں کی تیاری، نادرا کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو سیشن میں شرکت کی دعوت

اسلام آباد (آن لائن)ملک میں آئندہ عام انتخابات کے لیے حتمی انتخابی فہرستوں کی تیاری کے لئے نادرا نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کوایک سیشن میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین نادرا طارق ملک نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو مدعو کرنے کے بارے میں چیف الیکشن کمشنر کو بھی آگاہ کردیا ہے۔نادرا چیئرمین کے خط میں انتخابی عمل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کو اس عمل میں نادرا کے کردار کی وضاحت کے لیے “انتخابی فہرستوں پر اوپن ہاؤس سیشن” میں بلایا گیا ہے۔اس سیشن کے دوران نادرا تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے اٹھائے گئے مخصوص سوالات اور خدشات کا جواب بھی دے گا۔خط میں سیاسی جماعتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی مناسب تاریخ اور شرکاء کی فہرست سے آگاہ کریں تاکہ نادرا انٹرایکٹو سیشن کے انعقاد کے لیے ضروری انتظامات کر سکے۔چیئرمین نادرا نے خط میں بتایا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 219 کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان انتخابی فہرستوں کی تیاری اور ووٹرز کے اندراج کا مجاز ہے اور نادرا الیکشن کمیشن کی درخواست پر تکنیکی اور آپریشنل معاونت فراہم کرنے تک محدود ہے۔