لاہور(آن لائن)گور نر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ کیڈٹ کالج حسن ابدال سے فارغ التحصیل طلباء نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔کوئی بھی قابل اور ذہین طالب علم صرف اس وجہ سے ادارے سے نہیں نکالا جانا چاہئے کہ وہ مالی حالات کی وجہ سے فیس ادا نہیں کر سکتا۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کی زیر صدار ت گورنر ہاؤس لاہور میں حسن ابدال کیڈٹ کالج کے بورڈ آف گورنر ز کا اجلاس ہوا۔ جس میں پرنسپل کی مدت ملازمت میں توسیع، فیسوں کے علاوہ اہم معاملات زیر غور آئے،بورڈ ممبران کے مشترکہ فیصلے کے بعد گورنر پنجاب نے پرنسپل کیڈٹ کالج حسن ابدال بریگیڈئر (ر) ناصر سعید خٹک کو بطور پرنسپل تین سال کی توسیع دے دی۔اس موقعہ پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ حسن ابدال کیڈٹ کالج شاندار روایات کا امین ہے،کیڈٹ کالج حسن ابدال سے فارغ التحصیل طلباء نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔کوئی بھی قابل اور ذہین طالب علم صرف اس وجہ سے ادارے سے نہیں نکالا جانا چاہئے کہ وہ مالی حالات کی وجہ سے فیس ادا نہیں کر سکتا۔ گورنر پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فیسوں میں اضافہ کو معقول بنایا جائے،آئندہ میٹنگ میں فیسوں سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے،اساتذہ بچوں کی اخلاقی تربیت اور کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں،تعلیمی اداروں میں کسی بھی مضمون کی صرف مہارتیں سکھا دینا کافی نہیں. بلکہ انہیں ایک اچھا اور باکردار انسان بنانا بہت ضروری ہے۔
Load/Hide Comments



