ملک میں سیاسی جلسے و جلوسوں پر کسی قسم کی پابندی نہیں ،جب تک اتحادی چاہتے ہیں یہ حکومت چلتی رہیگی، رانا ثناء اللہ

فیصل آباد (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی جلسے و جلوسوں پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے،جمہوریت میں پرامن احتجاج ہر جماعت کا حق ہے،مگر کسی نے ملک میں بدامنی یا انتشار پھیلانے کی ناکام کوشش کی تو اسکے ساتھ سختی سے نمٹاجائیگا،انکا کہناتھا حکومت چل رہی ہے اور جب تک اتحادی چاہتے ہیں یہ حکومت چلتی رہیگی، الیکشن کرانے کا فیصلہ ہمارا اپنا ہوگا کہ کب کرانے ہیں۔ اگر ہم انتخابات کی طرف جاتے تو ملک ڈیفالٹ کرجاتا، وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ملک کو تباہی سے بچانا ضروری ہے، بڑی تباہی سے بچنے کیلئے کچھ مشکل دن گزاریں گے، مہنگائی میں اضافہ ہوا لیکن ہم اس جن کو بوتل میں بندکریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو فیصل آباد میں لیبر ڈیپارٹمنٹ کے مستحقین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔راناثنااللہ نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ساڑھے تین سال صرف انتقام لیا اور کوئی کام نہیں کیا، یہ لوگ روز بہانہ بناکر سیاسی مخالفین کو نشانہ بناتے تھے،انہوں نے چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے پر شوکت ترین کے دستخط نہ ہوں تو ہم قصور وار ہیں۔ سبسڈی زیرو اور لیوی کم کرنے پر دستخط کس کے ہیں؟، بتایا جائے اس معاہدے پر دستخط کس کے ہیں، یہ لوگ عوام کو گمراہ کرنیکی کوشش کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت میں گورننس نہیں تھی صرف انتقام لیا گیا، 25 مئی کو پی ٹی آئی کا احتجاج ناکام تھا، یہ لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اب یہ لوگ روز سیاسی مخالفین کو گالیاں نکال رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کل کے جلسے میں 8 سے 10 ہزار کرسیاں لگائی گئیں۔ ہم نے انہیں رات 12 بجے تک جلسے کا وقت دیا تھا، انہوں نے پونا گھنٹہ پہلے جلسہ ختم کردیا، یہ کہتے ہیں پارلیمنٹ میں بیٹھی شخصیات اور تمام سیاسی جماعتیں چور ہیں، انہوں نے خود کہا تھا کہ پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو پرویزالہیٰ ہے، اب اسی سب سے بڑے ڈاکو کو وزیراعلیٰ بنانے کیلیے کون زور لگارہا ہے۔راناثنااللہ نے کہا کہ پہلے خود اپنے بیان کا جواب دیں پھر دوسری بات کریں، انہیں ہر عدالت سے ناکامی ہورہی ہے، ان کی لوٹ مارسامنے آرہی ہے، ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔